خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر برائے اعلی تعلیم مینا خان آفریدی کو جرمنی روانگی کے دوران باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آف لوڈ کر دیا گیا۔مینا خان آفریدی محکمہ اعلی تعلیم کی جانب سے جرمنی کی ٹوبنگن یونیورسٹی کے دورے پر جا رہے تھے کہ ایف آئی اے حکام نے انہیں بیرونِ ملک جانے سے روک دیا۔ صوبائی وزیر مینا خان آفریدی کاکہناہے کہ پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے واضح احکامات موجود ہونے کے باوجود انہیں سفر کی اجازت نہیں دی گئی۔صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ پشاور ہائی کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود ایف آئی اے امیگریشن حکام نے انہیں سفر کی اجازت نہیں دی، جو نہ صرف عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے بلکہ صوبے کے طلبہ اور اعلی تعلیم کے شعبے کے مفادات کے بھی خلاف ہے۔مینا خان آفریدی نے کہا کہ جرمنی میں طے شدہ ملاقاتیں اور ممکنہ تعلیمی معاہدے متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جس سے خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو بین الاقوامی تعلیمی مواقع سے محروم ہونے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاملہ صرف ایک فرد کے سفر کا نہیں بلکہ صوبے کے طلبہ اور جامعات کے مستقبل سے جڑا ہوا ہے۔ ان کے بقول، "نوجوانوں کے تعلیمی مفادات کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے اور بین الاقوامی تعلیمی تعاون متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔







