سوات میں ایڈیشنل سیشن جج ششم ناصر خان کی عدالت نے صوبائی وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی اور متعدد سرکاری افسران کے خلاف کرپشن اور آمدن سے زائد اثاثہ جات سے متعلق دائر درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق عزیز اللہ (گران)نے دفعہ 22-Aکے تحت صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد علی، اسسٹنٹ کمشنر ثاقب علی، سب رجسٹرار سید بادشاہ، تحصیلدار محمد شعیب، پٹواری عدنان شموزو، گرداور سرکل بریکوٹ اور پٹواری فیصل حلقہ زرہ خیلہ کے خلاف مختلف الزامات پر مبنی درخواست دائر کی تھی۔ سماعت کے دوران ڈاکٹر امجد علی کی جانب سے ضیا الدین رضوان ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور قانونی و حقائق پر مبنی دلائل دیے۔ عدالت نے فریقین کے مقف، دستیاب ریکارڈ اور قانونی نکات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد قرار دیا کہ درخواست میں عائد کیے گئے الزامات قانونی تقاضوں پر پورا نہیں اترتے اور نہ ہی مقدمہ درج کرنے کے لیے کوئی ٹھوس بنیاد موجود ہے۔ عدالت نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دیا۔ عدالتی فیصلے کے بعد ڈاکٹر امجد علی اور دیگر نامزد سرکاری افسران کے خلاف مذکورہ درخواست کے تحت مزید کارروائی کا باب بند ہو گیا ہے۔







