امریکا نے ہفتہ کی علی الصبح ایران میں گوروک اور جزیرہ قشم میں ریڈار تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعوی کیا جبکہ پاسداران انقلاب نے امریکی حملے کے جواب میں خطے میں موجود امریکی فضائی اڈوں کو میزائلوں سے نشانہ بنایا۔غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی سینٹ کام کا کہنا ہے کہ امریکی طیاروں نے مبینہ طور پر داغے گئے 4 ایرانی ڈرونز کے جواب میں کارروائی کی، امریکی فوج نے تمام ایرانی ڈرونز کو مار گرایا۔امریکی سینٹ کام نے دعوی کیا کہ آبنائے ہرمز اور خلیجی ممالک کی طرف داغے گئے متعدد بیلسٹک میزائل اور ڈرونز کو روکا، حملے میں کسی امریکی اہلکار کو نقصان نہیں پہنچا۔امریکی فوج کی مرکزی کمان نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جو اس کے مطابق گوروک اور جزیرہ قشم میں ایران کے ریڈار مقامات کو نشانہ بنائے جانے کی ہے، بحری آمد و رفت کو لاحق فوری نوعیت کے خطرے کے جواب میں امریکی افواج نے ان مقامات کو نشانہ بنایا۔اس سے قبل سینٹ کام نے ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی طرف داغے گئے چار خودکش ڈرون مار گرانے کا دعوی کیا تھا۔ایرانی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کے قریب امریکی بحری جہازوں کی موجودگی پروارننگ فائر کیے گئے تھے۔اسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ امریکی کارروائیاں جاری رہیں تو آبنائے ہرمز مکمل طور پر بند کردی جائے گی، آبنائے ہرمز کی مکمل بندش کا ذمہ دار امریکا ہوگا۔امریکی فوج کے مطابق ایران نے7میزائل داغے، جن میں سے 6 روک لیے گئے، ساتواں ہدف تک نہ پہنچ سکا۔دوسری جانب ایران کے پاسداران انقلاب نے دعوی کیا ہے کویت میں امریکہ کے دو فضائی اڈوں اور بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کی اہم تنصیبات کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔پاسداران انقلاب نے دعوی کیا ہے کہ ہفتہ کی صبح امریکی فوج کے اکسانے پر اور اس کی رہنمائی میں چار تیل بردار بحری جہاز غیر قانونی طور پر آبنائے ہرمز عبور کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔ پاسداران انقلاب کے مطابق اس کی بحریہ نے انتباہ بھی جاری کیا، جسے نظر انداز کیا گیا۔ اس پر ایک بحری جہاز کو نشانہ بنا کر روک دیا گیا اور دیگر واپس لوٹ گئے۔پاسداران انقلاب کے بیان میں کہا گیا کہ اس واقعے کے بعد امریکی ڈرونز نے قشم میں ایک مواصلاتی ٹاور اور سیریک میں ایک ٹاور کو دو میزائلوں سے نشانہ بنایا۔ادھر کویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کونا نے ملک کی مسلح افواج کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ کویت کا فضائی دفاع کا نظام ہفتہ کے روز حملہ آور میزائلوں اور ڈرونز کو روک رہا ہے۔۔ بحرین کی وزارتِ داخلہ نے اعلان کیا ہے خطرے کے سائرن بجائے گئے ہیں اور ملک میں فضائی انتباہ جاری کر دیا گیا ہے۔ یہ انتباہ آبنائے ہرمز میں تازہ جھڑپوں کے بعد اس وقت جاری کیا گیا جب کویت نے اعلان کیا کہ وہ میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنا ہے۔بحرین کی وزارتِ داخلہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں لکھا کہ خطرے کا سائرن بج چکا ہے۔ شہریوں اور رہائشیوں سے درخواست ہے کہ وہ پر سکون رہیں اور قریبی محفوظ مقام پر چلے جائیں۔







