متحدہ عرب امارات نے ایبولا وائرس سے بچا ئو کے اقدامات کے تحت تین ممالک کے شہریوں کے لئے نئے ویزے معطل کردیئے۔ خلیجی میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات نے ایبولا وائرس کے ممکنہ پھیلا ئوکے خلاف قومی تیاری کو مضبوط بنانے کی کوششوں کے تحت تین افریقی ممالک سے آنے والے مسافروں کیلئے اضافی احتیاطی اقدامات کے سلسلے کا اعلان کیا ہے۔ نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سیکیورٹی کے مشترکہ طور پر اعلان کردہ اقدامات، جمہوریہ کانگو، یوگنڈا اور جنوبی سوڈان سے آنے والوں پر لاگو ہوتے ہیں۔ حکام نے کہا کہ یہ فیصلہ ایبولا وائرس سے متعلق پیش رفت سے نمٹنے اور صحت عامہ کے تحفظ کیلئے ملک کی حفاظتی اور فعال حکمت عملی کا حصہ ہے۔ نئے اقدامات کے تحت تینوں ممالک کے شہریوں کے لئے تمام نئے ویزے بشمول وزٹ ویزے معطل کر دئیے جائیں گے۔ متاثرہ ممالک سے آنے والے مسافروں کیلئے بھی متحدہ عرب امارات میں داخلے پر پابندی ہوگی، بشمول وہ لوگ جو امارات پہنچنے سے پہلے دوسرے مقامات سے گزرتے ہیں۔







