محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے اضلاع دیر، چترال، سوات، کوہستان اور مالاکنڈ میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسی طرح باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہونے کا امکان ہے۔سوات، چترال اور دیر کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، چارسدہ، مردان اور دیگر میدانی اضلاع کے بعض علاقوں میں تیز ہواں کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔موسمیاتی رپورٹ کے مطابق ہری پور، وزیرستان اور کرم کے بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس سے مقامی سطح پر موسم خوشگوار ہو سکتا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ ملک کے دیگر میدانی علاقوں میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ادھر لاہور سمیت پنجاب بھر میں خشک اور شدید گرم موسم کا سلسلہ شروع ہو گیا جہاں سورج نے اپنی تپش دکھانا شروع کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں اس وقت درجہ حرارت تقریبا 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کے بعد زیادہ سے زیادہ 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ماہرین کے مطابق دن کے ساتھ ساتھ اب راتوں میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا، اور کم سے کم درجہ حرارت 26 سے بڑھ کر 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جس سے حبس اور گرمی مزید محسوس ہوگی۔محکمہ موسمیات پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ ایک سے دو روز کے دوران گرمی کی شدت میں بتدریج اضافہ متوقع ہے، جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور ہیٹ ویو سے بچائو کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔دوسری جانب ضلع نگر کے آخری گائو ں ہسپر میں گلیشیر کے پگھلا کے باعث دریائی کٹا اور لینڈ سلائیڈنگ جاری ہے۔ این ڈی ایم اے نے بھی الرٹ جاری کردیا ۔نگر کے آخری گائوں ہسپر میں گلیشیر کے پگھلاسے دریائی کٹا اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پانی کی سطح بلند ہورہی ہے۔ نگر خاص چوک سے آگے راستے بند ہوگئے ہیں۔قبل ازیں این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا تھا کہ گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث گلگت بلتستان میں گلیشیئرز پگھلنے میں تیزی۔ ہسپر ہوپر گلیشیئر پگھلنے سے دریا میں پانی کے بہا اور سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ترجمان کے مطابق این ڈی ایم اے تمام صورتحال سے پوری طرح باخبر ہے اور مانیٹرنگ کا عمل مسلسل جاری ہے۔ این ڈی ایم اے نے متعلقہ انتظامیہ کو دریا کے کنارے مقیم رہائشیوں کے لیے فوری حفاظتی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی۔گروجگلوٹ، رحیم آباد، نومل، جوتل، جگلوٹ کالونی اور چلمش کے رہائشیوں سمیت مسافروں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔







