ماہ مئی’ دہشت گردی واقعات میں 27 فیصد اضافہ

مئی میں دہشت گردی کے واقعات میں 27 فیصد اضافہ ہوا۔ اسلام آباد میں موجود دہشت گردی پر کام کرنے والے تھنک ٹینک پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کنفلیکٹ اینڈ سکیورٹی سٹڈیز نے دہشت گردی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق ملک بھر میں 128 دہشت گرد حملے ہوئے ۔ اپریل میں یہ تعداد 101 تھی۔ حملوں میں اضافے کے باعث جانی نقصانات میں بھی نمایاں طور پر اضافہ ہوا ۔دہشت گردی کے واقعات میں مئی میں 145 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 71 شہری، 68 سکیورٹی اہلکار اور امن کمیٹیوں کے 6 ارکان جاں بحق ہوئے ۔ مئی میں ہونے والے دہشت گرد واقعات میں 185 افراد زخمی ہوئے جن میں 147 شہری، 35 سکیورٹی اہلکار اور امن کمیٹیوں کے 3 ارکان شامل ہیں۔اپریل کے مقابلے میں عام شہریوں کے جاں بحق ہونے میں اضافہ ہوا۔اپریل میں جاں بحق شہریوں کی تعداد 37 تھی جو بڑھ کر 71 ہوگئی جبکہ سکیورٹی اہلکاروں کی جاں بحق ہونے کی تعداد اپریل میں 28 تھی جو بڑھ کر 68 تک پہنچ گئی۔مئی کا ایک تشویشناک پہلو خودکش حملوں میں نمایاں اضافہ تھا۔ اس ماہ ملک بھر میں 6 خودکش حملے ہوئے جن میں 4 خودکش حملے گاڑیوں کے ذریعے کیے گئے ۔ ان حملوں میں 34 سکیورٹی اہلکار اور 9 شہری جان سے گئے ۔ اس کے برعکس مارچ اور اپریل میں صرف ایک ایک خودکش حملہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ بلوچستان رہا۔بلوچستان میں 71 حملے ریکارڈ کیے گئے جبکہ اپریل میں یہ تعداد 34 تھی۔ بلوچستان میں حملوں میں 109 فیصد اضافہ ہوا۔ صوبے میں اغوا کے واقعات میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ مئی میں ملک بھر میں رپورٹ ہونے والے 54 اغوا کے واقعات میں سے 52 صرف بلوچستان میں پیش آئے ۔ دوسری جانب سکیورٹی فورسز نے ملک بھر میں انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ مئی کے دوران سکیورٹی فورسز نے 270 عسکریت پسند ہلاک اور 15 گرفتار کیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed