حکومت کی جانب سے پاکستانی حجاج کرام کو فراہم کی گئی ناکافی سہولیات کے باعث حجاج کرام شدید مشکلات کا شکار ہوگئے، ہزاروں حجاج کرام کو حرم شریف سے سینکڑوں کلومیٹر دور رہائش فراہم کردی گئی، حجاج کرام شدید گرمی میں ڈھائی سے تین گھنٹے مسافت طے کرکے حرم پہنچنے پر مجبور ہو گئے ،ضلع النسیم میں حجاج کرام کو فراہم کردہ رہائش گاہوں سے حرم شریف تک پہنچنے کے لیے دو بسیں تبدیل کرنا پڑتی ہیں۔حجاج کرام نے شکایت کی ہے کہ شدید گرمی اور طویل سفر نے انہیں ذہنی و جسمانی طور پر اذیت کا شکار کردیا ہے ،حجاج کرام کا کہنا ہے کہ بسوں کی تبدیلی، طویل انتظار اور رش کی وجہ سے عبادات کی ادائیگی میں بھی دشواری پیش آ رہی ہے۔حجاج کرام نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ حرم شریف کے قریب رہائشگاہوں کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں تاکہ حجاج کرام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔ شدید گرمی کے باعث حج کے دوران سفر کے مسائل سے متعدد عازمین بیمار پڑگئے ہیں۔






