باجوڑ کی خوبصورت سیاحتی وادی سیری سر میں قائم واحد سرکاری ریسٹ ہاس اس وقت بنیادی سہولیات کے فقدان کا شکار ہے، جس کے باعث نہ صرف مقامی افراد بلکہ دور دراز سے آنے والے سیاح بھی شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق ریسٹ ہاس میں پینے کے صاف پانی، بجلی اور مناسب کچن جیسی بنیادی سہولیات موجود نہیں ہیں۔ اگرچہ ریسٹ ہاس میں سولر سسٹم نصب کیا گیا تھا، تاہم وہ بھی خراب پڑا ہے اور اس سے کوئی فائدہ حاصل نہیں ہو رہا۔علاقے کے عوام کا کہنا ہے کہ سیری سر باجوڑ کا ایک اہم سیاحتی مقام ہے جہاں مختلف اضلاع سے لوگ سیر و تفریح کی غرض سے آتے ہیں، لیکن وہاں جانے والی سڑک انتہائی خستہ حال اور تنگ ہے۔ سڑک کی خراب حالت کی وجہ سے سیاحوں کو سفر کے دوران شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے علاقے میں سیاحت کے فروغ پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ سیری سر سے تعلق رکھنے والے ملک عیسی جان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ریسٹ ہاس کی فوری مرمت کی جائے اور وہاں بجلی، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ خراب سولر سسٹم کو بھی فعال بنایا جائے تاکہ آنے والے مہمانوں کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ سیری سر جانے والی سڑک کی تعمیر و مرمت اور توسیع کی جائے تاکہ سیاح آسانی سے اس خوبصورت مقام تک پہنچ سکیں۔ عوام نے امید ظاہر کی کہ حکومت علاقے کی سیاحتی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اقدامات کرے گی اور سیری سر کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی کردار ادا کرے گی۔







