200 یونٹس تک بجلی کے بلوں پر سبسڈی ختم ہونے کی خبروں کی تردید

وزارتِ توانائی نے ملک میں 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے سبسڈی ختم کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حکومت کا فی الحال ایسی کوئی تجویز لانے کا ارادہ نہیں ہے۔ وزارت توانائی کے ترجمان نے جاری بیان میں کہا ہے کہ 200 یونٹس تک سبسڈی ختم کرنے یا 1 گھر میں 1 سے زائد میٹر ہونے پر رعایت روکنے کی کوئی تجویز زیرِ غور نہیں۔ترجمان کے مطابق بجلی کے بلوں پر کیو آر کوڈ چھاپنے کا مقصد صرف صارفین کو دی جانے والی ماہانہ سبسڈی کی تفصیلات فراہم کرنا ہے۔ترجمان نے مزید کہا ہے کہ اگر ایک گھر میں الگ پورشن یا بھائی الگ رہتے ہوں تو ایسی صورت میں سبسڈی ختم کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔وزارتِ توانائی نے موقف اختیار کیا ہے کہ حکومت کا مقصد صارفین کو زیادہ سہولت اور آسانی فراہم کرنا ہے اور یہ سہولت بدستور جاری رہے گی۔ ادھر ڈسکوز ذرائع کے مطابق حکام نے ایسے صارفین کی جانچ شروع کی ہے جو ایک ہی گھر میں ایک سے زائد میٹر یا سولر سسٹم استعمال کر رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض کیسز میں سبسڈی کے غلط استعمال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ کیو آر کوڈ کے ذریعے صارفین کا ڈیٹا بھی چیک کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ماہانہ تقریبا 5 ہزار روپے تک ریلیف مل رہا ہے اور اگر یہ سبسڈی ختم ہوئی تو 2 ہزار روپے کا بل بڑھ کر تقریبا 7 ہزار روپے تک پہنچ سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed