موسم گرما میں صارفین کی سہولت کیلئے پیسکو نے مزید 5فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کر دیا ہے جن میں پشاور سرکل کے ڈبگری اور مال روڈ فیڈر، مردان کا ٹائون فیڈر، سوات سرکل کے سیدو شریف اور ایکسپریس چکدرہ سٹی فیڈرز شامل ہیں، گزشتہ 3ماہ کے دوران پیسکو نے مجموعی طور پر 18فیڈرز کو لوڈشیڈنگ فری کر دیا ہے اورمزید فیڈرز کو بھی عنقریب لوڈشیڈنگ فری کر دیا جائیگا، پیسکو چیف اختر حمید خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایت پر گزشتہ 3ماہ کے دوران ان فیڈرز پر بجلی چوری اور نادہنگان کیخلاف بھرپور آپریشن کیا گیا اور لاسز کو کم کیا گیا تاکہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے، ان کا کہنا تھا کہ 3 ماہ میں 6ہزار سے زائد غیر قانونی کنکشنز ہٹائے گئے اور بجلی چوری کی مد میں 16کروڑ سے زائد کے جرمانے بھی عائد کئے گئے جس سے لاسز کم ہوئے اورلوڈشیڈنگ کا خاتمہ ممکن ہوا، پیسکو چیف کا یہ بھی کہنا تھا کہ چئیرمین پیسکو بورڈ حمایت اللہ خان کی اولین ترجیح ہے کہ موسم گرما میں صارفین کو لوڈشیڈنگ سے ریلیف دیا جائے اور اسی مقصد کیلئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ لاسز کو کم کر کے پیسکو صارفین کیلئے آسانی پیدا کی جائے، تاہم پیسکو چیف نے صارفین سے بھی اپیل کی ہے کہ بجلی چوری سے گریز کریں اور اپنے واجبات بر وقت ادا کریں تاکہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کا سلسلہ جاری رہے،







