پشاور کے نواحی اور زرخیز علاقے بڈھ بیر کے تپہ مومند سے تعلق رکھنے والے ممتاز معالج، عوامی نیشنل پارٹی کے سابق سینیٹر مرحوم ڈاکٹر محمد ریحان کے فرزند اور بہرام خان ایڈووکیٹ کے کزن، ڈاکٹر ارشد ریحان کو گراں قدر طبی، سماجی اور قومی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز سے نوازے جانے پر پشاور بالخصوص بڈھ بیر اور تپہ مومند میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔علاقے کے عمائدین، سماجی و سیاسی شخصیات اور عوام نے ڈاکٹر ارشد ریحان کو اس اعلی قومی اعزاز کے حصول پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی بلکہ پورے علاقے کے لیے ایک بڑے اعزاز اور فخر کا باعث قرار دیا ہے۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ارشد ریحان نے طب کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دے کر نہ صرف پاکستان بلکہ بیرونِ ملک بھی ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے، جس پر بڈھ بیر اور تپہ مومند کے عوام بجا طور پر فخر محسوس کرتے ہیں۔واضح رہے کہ ڈاکٹر ارشد ریحان شمالی امریکہ میں پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی معروف جمہوری تنظیم APPNA کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔ اس حیثیت سے انہوں نے امریکہ میں پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے، پاکستانی طبی برادری کی نمائندگی اور رفاہی و طبی خدمات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔اہلِ علاقہ نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ڈاکٹر ارشد ریحان آئندہ بھی اپنی پیشہ ورانہ اور سماجی خدمات کے ذریعے ملک و قوم کا نام روشن کرتے رہیں گے۔







