پشاور ہائیکورٹ نے اپ گریڈیشن کے بعد پولیس اہلکاروں کوانکریمنٹ کی ادائیگی کیلئے سنٹرل پولیس آفس کے اکاونٹس آفیسر کو فوکل پرسن تعینات کرتے ہوئے متعلقہ پولیس اہلکاروں کے اکاونٹس میں رقم منتقل کرنے سے متعلق تفصیلی رپورٹ بھی 3جون سے قبل پیش کرنے کاحکم دیدیاہے ۔چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے اس حوالے سے تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ درخواست گزار اصل بادشاہ ودیگر نے رٹ میں موقف اختیار کیاکہ صوبے بھر میں 11 سکیل تک پولیس اہلکاروں کو اپ گریڈ کیا گیا مگر اس کے باوجود ان اہلکاروں کی تنخواہوں میں انکریمنٹس نہیں لگی اور انہیں انکریمنٹ کی ادائیگی سے محروم رکھا جارہا ہے۔اس موقع پرعدالت کو بتایاگیاکہ یہ تقریبا 51یونٹس/کاسٹ سنٹرز ہیں اور ان میں پولیس ملازمین کو رقم ادا کردی گئی لیکن اب بھی بعض یونٹس خصوصا ہنگو کے اہلکار اپنے حق سے محروم ہیں۔عدالتی حکم نامہ کے مطابق اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے عدالت سی پی او پشاور کے اکاونٹس آفیسر حقیق الاسلام کو فوکل پرسن مقرر کرتی ہے تاکہ وہ تمام 51 یونٹس/کاسٹ سینٹرز اوراکاونٹ آفیسرز کے ساتھ رابطے میں رہیں اورتمام ملازمین کو رقم کی منتقلی یقینی بنائی جاسکے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پرایک درخواست کے ذریعے مکمل رپورٹ پیش کرنے کابھی حکم دیا ہے ۔







