وزیر اعظم شہبازشریف نے قومی سطح پر آبادی سے متعلق پالیسی سازی کیلئے نیشنل پاپولیشن کونسل قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بڑھتی ہوئی آبادی کے مسائل پر اہم اجلاس ہو ا جس میں وزیراعظم نے بڑھتی ہوئی آبادی کے کیلئے مثر اور مربوط قومی حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے قومی سطح پر آبادی سے متعلق پالیسی سازی کیلئے نیشنل پاپولیشن کونسل قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،وزیراعظم نیشنل پاپولیشن کونسل کی خود سربراہی کریں گے،نیشنل پاپولیشن کونسل میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلی گلگت بلتستان شامل ہوں گے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ وسائل اور آبادی میں توازن ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے ،تیزی سے بڑھتی آبادی سے قومی وسائل پر دبا بڑھ رہا ہے اور ترقی کیلئے بڑا چیلنج ہے ۔ شہبازشریف نے کہاکہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ آگاہی مہم، صحت و تعلیم کی سہولیات میں بہتری اور متوازن ترقی کے ذریعے سے آبادی کی بڑھتی ہوئی رفتار پر قابو پایا جا سکے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ آبادی کے بہتر نظم و نسق کیلئے ہول آف دی گورنمنٹ اپروچ اپنائی جائے ۔وزیراعظم نے عوامی آگاہی مہم میں علمائے کرام اور کمیونٹی رہنماں کی شمولیت یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔اجلاس کو ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی اور کنٹرول و بہبود کے حوالیسے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ بتایاگیاکہ ملک میں آبادی کی شرح نمو 2.55 فیصد تک پہنچ چکی ہے جو ایک بڑا چیلنج ہے ،تمام ہیلتھ مراکز پر خاندانی منصوبہ بندی کی سہولیات مہیا کرنے سے آبادی پر کنٹرول میں مدد ملے گی۔بتایاگیاکہ سماجی تحفظ کے پروگراموں کو خاندانی منصوبہ بندی سے جوڑا جائے گا ،خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے سے آبادی پر قابو پانے میں اہم کردار ہے ،خاندانی منصوبہ بندی پر آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے ۔اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفی کمال ، وزیر مملکت برائے قومی صحت ملک مختار احمد بھرتھ اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی ۔







