قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کے درمیان تلخ کلامی کے بعد معاملہ ہاتھا پائی تک پہنچ گیا۔تفصیل کے مطابق قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ایم این ایز اقبال آفریدی اور جنید اکبر کے درمیان کسی معاملے پر شدید تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی اور دونوں ارکان کے درمیان بات ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔واقعے کے بعد ایوان میں موجود دیگر اراکین نے بیچ بچائو کرانے کی کوشش کی اور دونوں رہنمائو ں کو الگ کیا۔ پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی جنید اکبر نے معاملے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اقبال آفریدی کو سمجھا رہے تھے کہ پہلے دوسرے رکن کو بات کرنے دیں، پھر جواب دیا جائے۔ جنید اکبر کے مطابق اقبال آفریدی کہہ رہے تھے کہ اس معاملے پر بات ہی نہ کی جائے۔ جنید اکبر کا کہنا تھا کہ اگر کوئی بات سمجھنے کو تیار نہیں تو پھر وہ کیا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاملہ غلط فہمی اور بات چیت کے دوران تلخی کے باعث بڑھا۔ دوسری جانب واقعے کے بعد قومی اسمبلی میں موجود ارکان نے صورتحال کو معمول پر لانے کی کوشش کی۔







