پشاور ہائی کورٹ نے پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں انکریمنٹس سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے انکریمنٹس کی رقوم بروقت ادا کرنے کا حکم جاری کردیا۔درخواست پر سماعت چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے کی۔ عدالت میں درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ صوبے بھر میں گیارہویں سکیل تک پولیس اہلکاروں کی ترقی تو ہو چکی ہے تاہم ان کی تنخواہوں میں انکریمنٹس تاحال شامل نہیں کی گئیں۔سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ بنوں سمیت صوبے بھر میں پولیس اہلکار اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، اور یہ اہلکار اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں لہذا انہیں ان کا جائز حق ملنا چاہیے۔چیف جسٹس نے کہا کہ جو اہلکار اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں انہیں اپنے جائز حقوق کے لیے عدالتوں کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی افسر اس معاملے میں تاخیر یا غفلت برت رہا ہے تو عدالت کو آگاہ کیا جائے۔عدالت نے سرکاری محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ درخواست گزار پولیس اہلکاروں کو انکریمنٹس کی ادائیگی یقینی بنا کر رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔







