گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اے ایچ گروپ آف کمپنیز کے ہیڈ آفس اور اس کے نمایاں منصوبوں 091 مال اور فلورنزا مال اینڈ ریزیڈینشیا کا دورہ کیا، جہاں گروپ کے چیئرمین یاسر علی، سی ای او محمد حسیب خٹک، ڈائریکٹر اے ایچ شاہ فہد، چیف فنانس آفیسر محمد عمیر زیب، ہیڈ آف ایچ آر ہمایوں گل، ڈائریکٹر جی آر لیاقت، ڈائریکٹر فنانس عامر علی اور دیگر انتظامی افسران و عملے نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔دورے کے دوران گورنر خیبرپختونخوا کو کمپنی کے جاری اور آئندہ منصوبہ جات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انتظامیہ نے پشاور، اسلام آباد، ڈیرہ اسماعیل خان، مری اور ہنگو میں جاری منصوبوں میں عوامی دلچسپی اور وہاں فراہم کی جانے والی جدید رہائشی و کمرشل سہولیات سے آگاہ کیا۔گورنر کو بتایا گیا کہ اے ایچ گروپ معیاری انفراسٹرکچر، پائیدار شہری ترقی اور عوام دوست ہاسنگ سہولیات کے فروغ کے وژن پر کام کر رہا ہے۔ بریفنگ میں کمپنی کی جانب سے روزگار کی فراہمی، معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے میں کردار پر بھی روشنی ڈالی گئی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے جو عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری اداروں کے لیے عوامی اعتماد کا حصول اور اسے برقرار رکھنا کامیابی کی بنیادی شرط ہے۔انہوں نے صوبے کے مشکل حالات میں بھی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے والے اداروں اور ان کی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے صوبے کی معیشت کو مضبوط بنانے، نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے اور مثبت کاروباری ماحول کے فروغ میں قابلِ تحسین کردار ادا کر رہے ہیں۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے اے ایچ گروپ کی انتظامیہ اور عملے کے ساتھ سوال و جواب کی ایک خصوصی اور انٹرایکٹو نشست بھی کی۔ اس دوران انہوں نے ملازمین سے براہِ راست گفتگو کی، ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور نوجوانوں کو ملک کی معاشی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔گورنر نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ اے ایچ گروپ آف کمپنیز میں اس وقت 600 سے زائد ملازمین کام کر رہے ہیں، جن میں بڑی تعداد نوجوانوں کی ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور انہیں پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع دینے پر کمپنی کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے مختلف قومی ایونٹس کی اسپانسرشپ اور سماجی سرگرمیوں میں کمپنی کی فعال شرکت کو بھی قابلِ تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں نوجوان نسل میں مثبت سوچ، اعتماد اور تعمیری رجحانات کو فروغ دیتی ہیں۔گورنر نے خیبرپختونخوا میں اے ایچ گروپ کے منفرد ہائی رائز منصوبوں اور خاص طور پر جدید آر او آئی ماڈل کو بھی سراہا، جس کے ذریعے عوام کو طویل المدتی اور پائیدار سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے جدید رئیل اسٹیٹ منصوبے صوبے میں شہری ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی استحکام کے لیے نہایت اہم ہیں۔دورے کے دوران گورنر نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ بھی کیا اور سیلز اسٹاف سے ملاقات کی۔ انہوں نے عملے کے سوالات کے جوابات دیے اور ان کی پیشہ ورانہ خدمات اور کسٹمر سروس کے معیار کو سراہا۔پاکستان پیپلز پارٹی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری ابرار سعید سواتی اور پیپلز پارٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے ضلعی جنرل سیکرٹری ملک عابد اعوان بھی اس موقع پر گورنر کے ہمراہ تھے۔دورے کے اختتام پر صوبے میں سرمایہ کاری، معاشی ترقی اور جدید ترقیاتی منصوبوں کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔







