الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختون خوا میں پاکستان تحریک انصاف کے مراد سعید کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والے سینٹ کی خالی نشست پر کل ہونے والے ضمنی انتخابات ملتوی کر دیئے اور اس حوالے سے تمام متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کردیا ۔خیبر پختون خوا اسمبلی میں نون لیگ کے رکن جلال خان کی جانب سے بیرسٹر یاسین رضا خان نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی۔ درخواست پر سماعت چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان راجہ اور ممبران نثار احمد درانی اور شاہ محمد جتوئی پر مشتمل تین رکنی بنچ نے کی۔ درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر یاسین رضا خان نے موقف اختیار کیا کہ 21 جولائی 2025 کو خیبر پختون خوا میں سینٹ انتخابات ہوئے جس میں مراد سعید جنرل نشست پر سینٹ کے رکن منتخب ہوئے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 24 جولائی 2025 کو اس کی کامیابی کا اعلامیہ جاری کردیا جس کے بعد 7 مارچ 2026 کو انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے مراد سعید کو 10 سال قید کی سزا سنائی تاہم انہوں نے سینٹر کا حلف نہیں اٹھایا تھا اور الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 10 سال کی سزا کے بعد مراد سعید کو نا اہل کر دیا اور الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اس کی نااہلی کا اعلامیہ جاری کرکے 23 اپریل کو خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخابات کا اعلان کردیا۔ وکیل درخواست گزار کے مطابق مراد سعید کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی سیٹ پر 23 اپریل کو الیکشن ہونے جارہے ہیں تاہم مراد سعید نے سینٹ الیکشن میں منتخب ہونے کے بعد ابھی تک نہ تو حلف لیا اور نہ ہی سینٹ کے ممبر بنے، آئین کے آرٹیکل 59 کے تحت حلف نہ لینے کے معاملے پر نشست کی حیثیت سے متعلق آئین خاموش ہے جس معاملے پر آئین خاموش ہے تو یہ آئینی خلا ہے۔انہوں نے دلائل دیئے کہ الیکشن کمیشن کیسے اس نشست پر انتخاب کرسکتا ہے۔انہوں نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ 23 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخابات ملتوی کردیئے جائیں۔ کمیشن نے دلائل مکمل ہونے کے بعد کل ہونے والے سینٹ کے ضمنی الیکشن ملتوی کردیئے







