ایرانی فوج نے 3 خطرناک امریکی بموں کو ناکارہ بنادیا جبکہ ایران کی عدلیہ کے سربراہ نے جنگ کے دوبارہ آغاز سے خبردار کردیا۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ صوبہ لرستان میں 3 نہ پھٹے ہوئے امریکی بموں کو ناکارہ بنا دیا گیا، سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی نے رپورٹ کیا کہ ایران کے پاسداران انقلاب نے بتایا کہ اس کے بم ڈسپوزل یونٹ نے مغربی صوبہ لرستان میں تین غیر پھٹے ہوئے MK-84 ہوائی جہاز کے بموں کو ناکارہ بنا دیا ہے، 900کلوگرام وزنی بم پھٹنے کی صورت میں 11 میٹر ( 36 فٹ) گہرے گڑھے کا سبب بن سکتا ہے۔ ادھر ایران کی عدلیہ کے سربراہ غولان حسین محسنی ایجی نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران امریکہ جنگ دوبارہ شروع ہوسکتی ہے، امریکہ کی جانب سے دوبارہ حملے شروع نہ کرنے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے، اس لیے ملک کو پوری طرح تیار رہنا چاہیئے کیوں کہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی اور کسی بھی وقت دوبارہ شروع ہوسکتی ہے۔







