خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور ممبران اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا۔ قانون سازی کے بجائے اضافے کا اختیار اسمبلی کی فنانس کمیٹی کو دینے کے بلز تیار کرلئے گئے۔میڈیارپورٹ کے مطابق تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا اختیار قانون سازی کی بجائے اسمبلی کی فنانس کمیٹی کودینے کا فیصلہ کرلیا گیا، قائمہ کمیٹی برائے قواعدوضوابط اوراستحقاق نے بلزسے متعلق رپورٹ تیار کرلی۔ رپورٹ اسمبلی میں پیش ہونے کے بعد محکمہ قانون کو بھجوائی جائے گی۔بل منظوری کے بعد تنخواہوں اورمراعات میں اضافے کا اختیاراسمبلی کی فنانس کمیٹی کے پاس آجائے گا، فنانس کمیٹی اسمبلی میں قانون سازی کئے بغیر تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کرسکے گی۔ترمیمی بلزصوبائی کابینہ اوراسمبلی سے منظور کروائے جائیں گے، نئے بلزکے پاس ہونے پر موجودہ نافذالعمل قوانین منسوخ ہو جائیں گے۔ محکمہ قانون اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور ممبران اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کے اختیار کا ترمیمی بل کی خامیاں دور کرے گی، ممبران اسمبلی کی تنخواہوں وغیرہ سے متعلق اختیار اسمبلی کی فنانس کمیٹی کے پاس آجائے گا۔ذرائع کے مطابق بل کی منظوری کی صورت میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے اعلان کے ساتھ فنانس کمیٹی اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور ممبران کی تنخواہوں میں اضافے کا بھی فیصلہ کرسکے گی۔







