پشاور تا طورخم ریلوے منصوبہ ‘ابتدائی فزیبلٹی کی تیاری کا فیصلہ

وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت خیبرپختونخوا اربن موبیلٹی اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا بیسواں اجلاس پشاور میں منعقد ہوا، جس میں صوبے میں شہری نقل و حرکت کے نظام کی بہتری، ٹریفک مسائل کے پائیدار حل اور جدید مواصلاتی سہولیات کے فروغ سے متعلق اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ حکام نے جاری منصوبوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی جبکہ شہری ٹرانسپورٹ کے نظام کو مو ثر اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔اجلاس کے دوران وزیر اعلی محمد سہیل آفریدی نے پشاور، نوشہرہ اور جہانگیرہ کے درمیان ریلوے سیکشن کے لیے ابتدائی فزیبلٹی اسٹڈی کی منظوری دیتے ہوئے اس مقصد کے لیے 13.162 ملین روپے کی فراہمی کی بھی منظوری دی۔ وزیر اعلی نے اس منصوبے کو صوبے میں آمدورفت کے نظام کی بہتری اور علاقائی رابطوں کے فروغ کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ابتدائی فزیبلٹی کا عمل بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کیا جائے۔اجلاس میں اس مقصد کیلئے کے پی اربن موبیلٹی اتھارٹی کو پاک آسٹریا فخہ شولے انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز کے ساتھ کنسلٹنسی معاہدہ کرنے کی اجازت دی گئی تاکہ جدید ٹیکنیکل مہارت اور بین الاقوامی تجربات سے استفادہ حاصل کیا جا سکے۔ وزیر اعلی نے اس ضمن میں منصوبے کی شرائط و ضوابط، بجٹ اور دیگر متعلقہ اخراجات کی بھی منظوری دے دی۔ وزیر اعلی محمد سہیل آفریدی نے پشاور تا طورخم ریلوے منصوبے کی ابتدائی فزیبلٹی کو بھی تیز رفتار بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف علاقائی تجارت بلکہ سرحدی روابط کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کے پی اربن موبیلٹی اتھارٹی کو ہدایت کی کہ صوبے میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل کے مو ثر حل اور شہری و بین الاضلاعی رابطوں کی بہتری کے لیے جدید خطوط پر استوار تجاویز پر سنجیدگی سے کام کیا جائے تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں اور شہری نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed