گائوں جنڈی بابر میں آئس کے نشہ کے عادی ملزم نے گھر گھس کر بھابھی ، گلی میں فائرنگ کر کے نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا ،بعد ازاں گائوں مسو میں نامعلوم افراد نے قاتل کو بھی سر میں گولی مار کر قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ چودھوان میں جنڈی بابر کے رہائشی 38سالہ حافظ نعمت اللہ اعوان ولد غلام سرور نے قتل کی دفعہ کے تحت رپورٹ درج کرائی ہے کہ میں مال مویشی چرانے کی خاطر قریبی اراضی گیا ہوا تھا مجھے موبائل پر واقعہ کی اطلاع موصول ہوئی جس پر میں اپنی بہن 19سالہ آسیہ بی بی ذوجہ احسان اللہ کے گھر پہنچا تو وہاں پر دیگر رشتہ دار اور محلہ دار موجود تھے، صحن میں میری ہمشیرہ آسیہ بی بی اور کچھ فاصلے پر محمد کامران ڈونہ ولد مومن سکنہ کوڑی ہوت کی نعشیں پڑی تھیں ،جن کو اسلحہ آتشیں سے قتل کیا گیا تھا، پتہ کرنے پر معلوم ہوا کہ میری ہمشیرہ کے دیورملزم امان اللہ ملوانہ ولد رمضان سکنہ جنڈی بابر نے اسلحہ آتشیں سے گھر میں آکر اپنی بھابھی میری ہمشیرہ آسیہ بی بی جو اپنے چار ماہ کے بیٹے فیضان کو صحن میں دودھ پلا رہی تھی پر فائرنگ کر دی، جس سے زخمی ہو کر میری ہمشیرہ جاں بحق ہوگئی تو اس کے بعد ملزم امان اللہ گھر سے باہر آکر گلی میں اپنے گھر کے قریب کامران پر بھی فائرنگ کر دی، جس کی فائرنگ سے کامران زخمی ہو کر گر پڑا جس کے بعد ملزم امان اللہ نے کامران کو زخمی حالت میں گلی سے گھسیٹ کر اپنے گھر کے صحن میں لے گیا، جو بعد میں جاں بحق ہوگیا، وقوعہ نامعلوم وجوہات کی بنا پر ہوا، ملزم امان اللہ آئس کے نشہ کا عادی ہے، وقوعہ کے بعد ملزم امان اللہ ولد رمضان کی قتل شدہ نعش گائوں جھوک مسو سے برآمد ہوئی ، جس کو نامعلوم ملزمان نے سر پر گولی مار کر قتل کیا تھا۔







