پشاور کے علاقے ورسک روڈ پر واقع شاہین ہائوسنگ سوسائٹی کے مکینوں نے سوسائٹی کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ایک سات رکنی انتظامی کمیٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ رہائشیوں کے مسائل کے مستقل اور موثر حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ اس حوالے سے سوسائٹی کی مسجد میں رہائشیوں کا ایک مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں پچاس سے زائد مکینوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور سوسائٹی انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ سوسائٹی کے قریب سے گزرنے والے آبی نالے کے کناروں کو محفوظ بنانے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے۔اجلاس کے شرکا ء کو بتایا گیا کہ گزشتہ دس برسوں سے مذکورہ نالے کی صفائی نہ ہونے کے باعث بارشوں کا پانی ورسک روڈ اور شاہین ہائوسنگ سوسائٹی کے اندر داخل ہو جاتا ہے، جس سے رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ نالے کی صفائی ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے اور اس سلسلے میں محکمہ آبپاشی کو بھی اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر سات رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں عثمان خان، ضیاء اللہ خان، سعید خان، اجمل خان، غفور جاوید، طاہرخان ایکسین ایری گیشن اور شفیق شامل ہیں۔ کمیٹی سوسائٹی انتظامیہ سے جلد ملاقات کرے گی اور مسائل کے حل کے لیے ایک واضح ڈیڈ لائن دے گی، جس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل اور اہم فیصلے کیے جائیں گے۔اجلاس کے شرکا نے امید ظاہر کی کہ کمیٹی کے اراکین صوبائی حکومت کے اعلی حکام سے بھی ملاقات کریں گے اور انہیں سوسائٹی کے مسائل خصوصا نکاسی آب اور حفاظتی اقدامات سے متعلق صورتحال سے آگاہ کریں گے تاکہ فوری عملی اقدامات ممکن بنائے جا سکیں۔







