بھارت کے وکٹ کیپر بیٹر ایشان کشن نے پاکستانی سپنر عثمان طارق کے سائیڈ ایکشن کی تیاری کے سوال پر کہا کہ نمیبیا کے کپتان گیرہارڈ ایراسمس کے سائیڈ آرم ایکشن کا سامنا کرچکے ہیں اور ہماری تیاری پہلے ہی ہوچکی ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اب وقت ہے کہ عثمان طارق کی بولنگ کو نیچرل گیم کی طرح کھیلیں۔واضح رہے کہ نمیبیا کے خلاف میچ میں ایشان کشن نے 24 گیندوں پر 6 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 61 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ویڈیو دیکھ کر ٹیم کو اندازہ ہوجاتا ہے کہ سائیڈ آرم ایکشن کا سامنا کیسے کرنا ہے۔ ایشان کشن نے کہا کہ ہم بورڈ پر اچھا ٹوٹل بنانے کی کوشش کریں گے، ہماری بیٹنگ اچھی ہے، نمیبیا کے خلاف بولنگ بھی اچھی کی ہے، ٹیم نے ابتدائی میچز سے بہت کچھ سیکھا ہے۔وکٹ کیپر بیٹر کا کہنا تھا کہ جب ٹیم محسوس کررہی تھی کہ پچ فلیٹ ہے تو گیند اوپر آرہی تھی جس سے چوکے اور چھکے لگانا مشکل ہوگیا لیکن ہم نے خراب گیندوں کا انتظار کرکے ہٹ لگائی۔







