افغانستان میں شدید بارش اور غیرمعمولی برفباری نے تباہی مچادی جہاں گزشتہ تین دنوں کے دوران61 افغان شہری جاں بحق’ 110زخمی’ 600 مویشی ہلاک اور سینکڑوں مکانات تباہ ہوگئے جس کی وجہ سے 350 سے زائد خاندان شدید متاثر ہوئے ہیں۔یہ ہلاکتیں کابل’ قندہار’ پروان’ پنج شیر’ بامیان’ دائے کندی’ میدان وردک’ ننگرہار’غزنی’ ہرات’ غور ‘ بدغیس’ فریاب’ سورپل’ بلخ’ سمنگان اور نورستان صوبوں میں سامنے آئی ہیں۔ شدید برفباری کی وجہ سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا اور متعدد چھوٹی بڑی شاہراہیں ٹریفک کے لئے بند ہیں جن کے کھولنے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ سرحدپار سے افغانستان ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان یوسف حمادکے حوالے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ تین روزکے دوران ہونے والی شدید بارش اور غیرمعمولی برفباری کی وجہ سے کئی صوبوں کے ساتھ زمینی رابطے کٹ گئے ہیں جبکہ مشہور سالانگ وادی میں کئی فٹ تک ہونے والی برفباری کے نتیجے میں متعدد چھوٹی بڑی گاڑیاں برف تلے دب گئی ہیں جس میں بھی ہلاکتوں کا اندیشہ ہے۔ ترجمان کے مطابق وادی سالانگ کے ضلع ڈنڈ میں دوشاخ کے مقام پرایک ہوٹل اور دکانوں پر برفانی تودہ گرنے سے 2افراد جاں بحق اور12 دیگر زخمی ہوگئے۔ بارش اور برفباری سے کئی صوبے شدید متاثر ہوئے ہیں جن میں چھت گرنے کے نتیجے میں قندہار میں6 بچے’ نورستان میں3اور دیگر صوبوں میں مجموعی طورپر50 افراد کی جانیں چلی گئی ہیں جبکہ درجنوں افراد زخمی ہیں۔افغان محکمہ ڈیزاسٹرمینجمنٹ کے مطابق اب تک 61 افغان شہری جاں بحق اور 110 زخمی ہوگئے ہیں جبکہ 620 جانور بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس کے علاوہ 450 سے زائد مکانات مکمل یاجزوی طورپر تباہ ہوگئے ہیں۔







