کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ کی حدودمیں راولپنڈی روڈ پر ٹریفک کے المناک حادثہ میں دو خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے3افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔اطلاعات کے مطابق حادثہ کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ کی حدودمیں کوہاٹ راولپنڈی شاہراہ پرچورلکی کراس کے مقام پر پیش آیاجہاں کوہاٹ کے دورافتادہ علاقہ شکردرہ سے گوجرانوالہ جانے والی کوسٹر اور موٹرکار کے مابین تصادم ہوا جس کے نتیجے میں موٹرکار میں سوارتین خواتین سمیت چھ افراد شدید زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی مقامی افراد کے علاوہ پولیس اور ریسکیو1122 کے اہلکار جائے حادثہ پہنچ گئے اور تمام زخمیوں کو گمبٹ ہسپتال منتقل کیا جہاں دو خواتین سمیت تین افرادزخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ۔ پولیس سٹیشن گمبٹ نے رابطہ کرنے پر حادثہ میں جاں بحق شخص کی شناخت جہاںزیب بتائی۔ پولیس کے مطابق خاتون سمیت دیگرتین زخمیوں کو ڈویژنل ہیڈکوارٹرہسپتال کوہاٹ پہنچادیا گیاجہاں بعض زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق تحصیل گمبٹ کو نواحی گاؤں سین کے ایک ہی خاندان سے تھا۔







