رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے دعوی کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے قانونی مقدمات لڑنے کیلئے وکیلوں کو اب تک ایک ارب روپے دئیے جاچکے ہیں،یہ رقوم مختلف ذرائع سے جمع ہوئیں، جن میں اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے دی گئی خطیر رقم بھی شامل ہے، تاہم انہیں معلوم نہیں کہ یہ پیسہ کہاں خرچ ہوا۔ ایک انٹرویو میں شیر افضل مروت نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کیسز لڑنیکیلئے وکیلوں کو مجموعی طور پر ایک ارب روپے دئیے جا چکے ہیں، ان کے بقول وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے معروف وکیل سلمان اکرم راجہ کو 24 کروڑ روپے ادا کیے جاچکے ہیں۔ شیر افضل مروت نے مزید دعوی کیا کہ ایک وکیل کو ہائر کرنے میں بھی 20 سے 25 فیصد تک کمیشن دینا پڑتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ 26 نومبر کے بعد اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے 38 کروڑ روپے دئیے گئے، جنہیں علیمہ خان اور خدیجہ شاہ مینج کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم یہ رقم کہاں گئی، شیر افضل مروت نے کہا اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ وہ جھوٹ بول رہے ہیں تو انہیں عدالت میں لے جایا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں شیر افضل مروت نے علیمہ خان سے متعلق کہا کہ وہ بشری بی بی کی ایک دن کی مار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس دن بشری بی بی منظرِ عام پر آئیں گی، اس دن علیمہ خان نظر بھی نہیں آئیں گی ۔







