وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس پشاور کے ریجنل ہیڈ محمد قاسم جان نے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور کا دورہ کیا اور ایئرپورٹ پر مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، ون ونڈو فسیلیٹیشن ڈیسک اور شکایات کے ازالے کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔محمد قاسم جان کی سربراہی میں وفاقی محتسب کی ٹیم نے ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل ڈیپارچر بریفنگ ایریا، نادرا دفتر، ون ونڈو فسیلیٹیشن ڈیسک اور انٹرنیشنل ڈیپارچر لاؤنج کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایئرپورٹ منیجر، اے سی ایس او ڈپٹی اے پی ایم اور متعلقہ سرکاری محکموں کے نمائندگان نے وفد کا استقبال کیا۔ایئرپورٹ منیجر نے وفد کو مسافروں کی سکیورٹی اسکریننگ، مشترکہ سرچ کے طریقہ کار اور مسافروں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات پر بریفنگ دی۔ وفد نے ون ونڈو فسیلیٹیشن ڈیسک پر شکایات رجسٹرز اور مسافروں کی شکایات کے ازالے کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے نے وفاقی محتسب کو ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کے فرائض، ذمہ داریوں اور مسافروں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے اختیار کیے جانے والے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔ بعدازاں وفد نے انٹرنیشنل ڈیپارچر لاؤنج کا دورہ کیا جہاں وفاقی محتسب نے مسافروں سے ملاقات کرکے دستیاب سہولیات، طریقہ کار اور انہیں درپیش مشکلات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔وفد نے انٹرنیشنل ارائیول ایریا کا بھی معائنہ کیا جہاں ایئرپورٹ منیجر نے مسافروں کی آمد، ہیلتھ اسکریننگ، سامان کی وصولی اور بیگیج کنویئر بیلٹس کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔وفاقی محتسب محمد قاسم جان نے ایئرپورٹ کی مجموعی صفائی اور دیکھ بھال کو سراہتے ہوئے ہارٹیکلچر، سبزہ، پودوں اور لینڈ اسکیپنگ کے انتظامات کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی اور خوبصورت ماحول سے ٹرمینل کی مجموعی ظاہری حالت اور مسافروں کے لیے ماحول مزید بہتر ہوا ہے۔دورے کے اختتام پر ایئرپورٹ منیجر کے دفتر میں اجلاس ہوا جس میں مسافروں کو سہولیات کی فراہمی اور ایئرپورٹ کے مجموعی انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی محتسب نے ایئرپورٹ پر مسافروں کی سہولت کے لیے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، جس کے بعد وفد کو ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔







