الخدمت فائونڈیشن کے تحت "آسان نکاح پروگرام” میں پشاور کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی مزید 31 یتیم اور نادار بچیوں کو لاکھوں روپے مالیت کے روزمرہ گھریلو استعمال کی ضروری اشیا پر مشتمل جہیز سیٹ فراہم کیے گئے۔اس سلسلے میں الخدمت فانڈیشن پشاور کے تحت پیرامانٹ شادی ہال نادرن بائی پاس پشاور میں جماعت اسلامی کے ضلعی امیر بحراللہ خان ایڈوکیٹ کی زیر صدارت اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیرالعظیم مہمانِ خصوصی تھے۔تقریب میں الخدمت فانڈیشن کے مرکزی نائب صدر ذکراللہ مجاہد، پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی وزیر سید ظاہر علی شاہ، جماعت اسلامی کے صوبائی امیر عبدالواسع، الخدمت کے صوبائی صدر خالد وقاص، ضلعی صدر ارباب عبدالحسیب، اے ڈی سی ریلیف عظمی مکرم اور سرحد چیمبر آف کامرس صدر جنید الطاف سمیت معززینِ شہر اور مخیر افراد نے شرکت کی۔اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی امیر عبدالواسع نے 31 جوڑوں کا نکاح پڑھایا۔الخدمت فانڈیشن کی جانب سے 31 یتیم بچیوں اور مستحق جوڑوں کو فی جوڑا ڈھائی لاکھ روپے مالیت کا روزمرہ گھریلو استعمال پر مشتمل امدادی سامان فراہم کیا گیا، جس میں ڈبل بیڈ، واشنگ مشین، پیڈیسٹل فین، استری، جوسر، ہاٹ پاٹ، واش روم سیٹ، کوکر، پتیلہ سیٹ، ڈنر، ٹی اور واٹر سیٹ، کچن سیٹ اور بستروں پر مشتمل ونٹر پیکیج شامل تھا۔الخدمت فانڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص نے خطاب کرتے ہوئے معاشرے کے اہلِ خیر اور صاحبِ ثروت افراد سے اپیل کی کہ وہ استطاعت نہ رکھنے والے مستحق نوجوانوں کی شادیِ خانہ آبادی کے لیے الخدمت فانڈیشن کے "آسان نکاح پراجیکٹ” میں دل کھول کر عطیات دیں تاکہ دکھی انسانیت کی بلا تفریق خدمت کے مشن کو جاری رکھا جا سکے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل امیرالعظیم نے کہا کہ میاں بیوی خاندان کی بنیاد ہے، یہ بنیاد جتنی مضبوط اور مستحکم ہوگی، معاشرے میں بھی اتنا ہی استحکام پیدا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مغربی معاشرے میں طلاق کے بڑھتے ہوئے اثرات اب ہمارے معاشرے پر بھی پڑ رہے ہیں، طلاق کے اس تباہ کن کلچر سے اپنے معاشرے کو بچانے کے نتیجے میں ہی ہم ایک اچھے اور پاکیزہ معاشرے کا قیام ممکن بنا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الخدمت فانڈیشن حقیقی معنوں میں فلاحی معاشرے کے قیام کے لیے کوشاں ہے اور اس مقصد کے لیے الخدمت رنگ، نسل، زبان اور مذہب سے بالاتر ہو کر عوام کی بلا تفریق خدمت پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک اور قوم کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بلا تفریق اجتماعی کاوشیں وقت کی ضرورت ہیں، اور الخدمت فانڈیشن اسی مقصد کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔







