پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم را جہ نے کہا ہے کہ ہم بانی پی ٹی آئی کے کارکن ہیں، ہمیں کسی کا خوف نہیں، ہم عوام اور قانون کی پاسداری کیلئے لڑیں گے۔ پشاور ہائی کورٹ کے باہر پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنیداکبر خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا عدالت نے وزیر اعلی کے حلف کو روکنے کی استدعا عدالت نے مسترد کردی۔ اللہ تعالی کے فضل سے آئین کے دشمن کی ایک اور کوشش ناکام ہوئی۔ ان کا کہنا ہے کہ جمہوریت کی فتح ہوئی ہے، نئی حکومت ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال اولین ترجیح ہے۔ بانی پی ٹی آئی بے گناہ جیل میں ہیں، جبر کو ہم ختم کریں گے۔ بانی پی ٹی آئی کی آزادی ہم سب کی آزادی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس اسمبلی کو 26ویں ترمیم کا اختیار نہیں تھا، یہ فارم 45 کی اسمبلی ہے۔ جبری طور پر لوگوں کو اغوا کرکے ترمیم کی گئی، شرمناک بات ہے۔ بہرحال آئین کی ایک شکل موجود ہے، ہمیں اسی کے تحت چلنا ہے۔ آج عدالتیں بھی 26 ویں آئین ترمیم کے تحت چلتی ہیں۔اس موقع پر جنید اکبر نے کہا کہ ہم اس مشکل وقت میں ایک ساتھ کھڑے تھے۔ تمام سیاسی پارٹیوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ادارے ہمارے ہیں، یہ ملک سب کا ہے، سیاست آتی جاتی ہے۔ ہم اکٹھے ہوں گے تو ملک ترقی کرے گا۔ ہم نے آئین کے تحت چلنا ہے، ہم مسائل کا حل نکالنا چاہتے ہیں۔ 22 بڑے اور ہزاروں چھوٹے آپریشنز ہوئے لیکن مسئلہ حل نہیں ہوا۔







