خیبرپختونخوا حکومت نے پراسیکیوشن سروس ترمیمی بل 2025باقاعدہ طور پر منظور کرلی ہے جس پر باقاعدہ دستخط کردیئے گئے ہیں،پراسیکویشن ویلفیئر ایسوسی ایشن نے اس اقدام کو سراہا ہے اور کہاہے کہ گورنرخیبرپختونخوا کی جانب سے بھی ترمیمی ایکٹ کی منظوری کے بعد اس کا گزیڈٹ نوٹیفیکیشن جلد جاری کیا جائے گا۔پراسیکویشن ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر سنگین شاہ اورجنرل سیکرٹری جاوید علی نے پراسیکیوشن ترمیمی بل پاس ہونے پر صوبائی حکومت ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم عابد مجید ،سپیشل سیکرٹری ہوم شگفتہ نویداورڈی جی پراسیکیوشن خیبرپختونخوا روبین حیدر بخاری کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ یہ پبلک سروس ڈیلیوری میں ایک موثر ترمیم ہے جس سے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے بتایاکہ خیبرپختونخوا لیگل ان ایڈ ترمیمی ایکٹ 2025کی بھی منظوری دی گئی ہے ۔ ان کا کہناتھا کہ کے پی پراسیکیوشن ترمیمی بل منظورہونے سے پبلک پراسیکیوٹرز کے اختیارات میں اضافہ کیاگیا ہے جس سے عدالتوں میں زیرالتواءمقدمات کی تعداد میں کمی آئے گی کیونکہ اس سے وہ ثبوت کے اعتبار سے کمزور،غلط یا بدنیتی پر مبنی مقدمے کو خارج کرنے کیلئے مجسٹریٹ کو درخواست دے سکیں گے جس سے پراسیکیوشن کیساتھ ساتھ عدالتوں کا وقت بھی ضائع ہونے سے بچے گا۔نئی ترمیم کے تحت پولیس افسران کو بھی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹرز اور پبلک پراسیکیوٹرز کی رائے یا ہدایات پر عمل کرنے کا پابندبنایاگیا ہے۔







