اپوزیشن نے ایک بار پھر حکومتی بجٹ مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ بجٹ ایک بنکر نے دیا ہے ،6300ارب کے قرضے اٹھائیں گے پھر بنکر کھرب پتی بنیں گے،چینی، آٹا دالوں سمیت ہر چیز مہنگی ہوگی ب،سپیکر نے ہمیں تحفظ نہیں دیا ، پارلیمنٹ کو غیر فعال بنادیاگیا ہے ،عمران خان سمیت تمام قیادت اور کارکنوں کو رہا کیاجائے۔ ان خیالات کا اظہار پوزیشن لیڈر عمر ایوب خان ، اسد قیصر، چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان اور ارکان نے پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہاکہ حکومت نے عوام دشمن بجٹ پیش کیا، اپوزیشن اس کو مسترد کرتی ہے،یہ بجٹ ایک بنکر نے دیا ہے ،6300ارب کے قرضے اٹھائیں گے پھربنکر کھرب پتی بنیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ چینی ، آٹا اور دالوں سمیت ہر چیز مہنگی ہوگی ۔ انہوںنے کہاکہ وزیر خزانہ اور وزیر اعظم نے جرات نہیں کی کہ اپوزیشن کے سامنے تقریر کریں ۔ انہوںنے کہاکہ ہر چیز کی آزادی چھین لی ہے، ملک میں اظہار رائے اور میڈیا کو آزادی نہیں۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ رات سابق ایم این اے اعجاز چوہدری کو اٹھالیا ہے۔ بانی چیئرمین اور بشریٰ بی بی کوجبرکے طور پر پابند سلاسل رکھا ہوا ہے ،عمر چیمہ کی ضمانت نہیں ہوئی، حسان نیازی ،یاسمین راشد سمیت سب کو پابندسلاسل رکھا ہوا ہے ، سر دار ایاز صادق اسپیکر نہیں رہا، وہ اس حکومت کا کٹھ پتلی بن کر رہ گیا ہے







