ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پشاور انعام اللہ وزیر نے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی ہدایت پر سنٹرل جیل پشاور کا خصوصی دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران ان کے ہمراہ جوڈیشل مجسٹریٹ محمد وقار اور سپرٹنڈنٹ سنٹرل جیل نجم عباسی بھی موجود تھے۔عید الاضحی کے موقع کی مناسبت سے جیل میں کیمپ کورٹ کا انعقاد کیا گیا ، جس میں جیل میں قید معمولی نوعیت کے قیدیوں کے 80مقدمات جیل میں ہی فوری طور پر نمٹا دیئے ۔ تاکہ وہ عید کی خوشیاں اپنے گھر والوں کے ساتھ منا سکیں۔اس کے علاوہ انہوں نے مختلف بیرکوں کا معائنہ کیا ۔انہوں نے سنٹرل جیل میں قید 14فارن ایکٹ کے تحت سزا کاٹنے والے14 غیر ملکی قیدیوں کے بارے میں جیل حکام کو ہدایت کی کہ محکمہ داخلہ وقبائلی امورخیبر پختونخواہ کے ساتھ رابطہ کر کے مذکورہ قیدیوں کی حسب قانون وطن واپسی بابت فوری اقدامات کیئے جائیں ۔

لنگر خانے کے دورے کے دوران قیدیوں کو فراہم کیئے جانے والا کھانے کا معائنہ کیااور روٹی کا وزن چیک کیا۔ معائنہ کے دوران سیشن جج نے متعلقہ حکام کو خوراک اور صفائی کا معیار بہتر کرنے کے احکامات جاری فرمائے ۔علاوہ ازیں سیشن جج صاحب نے خواتین اور بچوں کی بیرک کا بھی دورہ کیا ، اس موقع پر موجود میڈیکل آفیسرز کو بیمار قیدیوں کی خصوصی دیکھ بھال کرنے کی تاکید کی۔آپ نے ریہیب سنٹر کا بھی دورہ کیا اور قیدیوں کی اصلاح اور ان کو معاشرے کا بہتر فرد بنانے کی کوششوں پر زور دیا۔







