خیبرپختونخوا میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کی بھرتی کیلئے منعقدہ اسکریننگ ٹیسٹ میں متعدد وکلاانگریزی میں فیل ہوگئے جس کے بعد خیبرپختونخوا بارکونسل نے انگریزی کے معیار میں نرمی کیلئے پشاورہائیکورٹ کو خط ارسال کردیا ہے ۔ بارکونسل کی جانب سے رجسٹرار پشاورہائیکورٹ کے ذریعے چیف جسٹس کو بھیجے گئے خط میں کہاگیاہے کہ ایڈیشنل سیشن ججز کی تعیناتی کیلئے حال ہی میں پشاورہائیکورٹ کی ایگزامینیشن کمیٹی نے اسکریننگ ٹیسٹ منعقد کیا اور نتائج کے مطابق بعض امیدواروں نے لاکے مضامین میں بہترین نمبرز حاصل کیے تاہم وہ انگریزی کا ٹیسٹ پاس نہ کرسکے۔ خط کے مطابق اگر فیل ہونے والے وکلاکیلئے انگریزی کے معیار میں نرمی برتی جائے تو کچھ اچھے امیدوارتحریری ٹیسٹ کیلئے اہل ہوجائینگے کیونکہ اس سے قبل بھی ٹیسٹ کیلئے نرمی برتی گئی تھی لہذا انگریزی ٹیسٹ میں ان کیلئے نرمی کرنے کی استدعا کی گئی ہے تاکہ وہ تحریری ٹیسٹ میںحصہ لے سکیں۔ذرائع کے مطابق اسکریننگ ٹیسٹ میں 598 وکلانے حصہ لیاتھا جن میں سے 139 وکلاانگریزی میں ناکام ہوگئے تھے۔







