وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ حکومت کسی صورت دھمکیوں سے ڈرنے والی نہیں، جو بھی ڈی چوک پر آئے گا اسے گرفتار کریں گے، انتہا پسندی قبول نہیں، شرانگیزی پھیلانے والوں کو گرفتار کیا جائے گا،موبائل سروس چل رہی ہے، صرف موبائل انٹرنیٹ بند کیا گیا ہے، فیض آباد میں بیلاروس کے وفد کے روٹ پر احتجاج کرنے والے مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے۔اسلام آباد کی موجودہ صورتحال پر پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو کم سے کم تکلیف پہنچانا چاہتے ہیں، غیرملکی وفد اسلام آباد پہنچ رہا ہے، غیرملکی مہمانوں کے روٹ پر احتجاج کرنے والے مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے۔ شہریوں کے جان ومال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، فیض آباد آنے والے تمام لوگوں کو گرفتار کر لیا گیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کی ذہنیت دیکھیں، احتجاج کرنا ہے کریں، مگر آپ کو پتہ ہے کہ غیرملکی مہمان کس وقت آرہے ہیں اور آپ اسی وقت متعلقہ روٹ پر آکر پتھرا کررہے ہیں، انہوں نے کہاکہ موبائل سروس چل رہی ہے، صرف موبائل کا انٹرنیٹ بند کیا گیا ہے، سڑکیں اس مرتبہ ویسے بند نہیں کی گئیں جیسے پچھلی مرتبہ کی گئی تھیں۔محسن نقوی نے کہا کہ غیر ملکی مہمانوں کی آمد پر انتشار کسی صورت قبول نہیں، حکومت کسی صورت دھمکیوں سے ڈرنے والی نہیں، انتشارپھیلانیوالوں کوگرفتار کیا جائے گا۔انہوں نے دعوی کہ صرف خیبرپختونخوا سے احتجاجی جلوس آرہے ہیں، پنجاب میں کوئی ریلی نہیں ہے۔ محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اسلام آباد کے امن وامان کو قائم رکھنا ہے،ساری حکمت عملی ابھی نہیں بتا سکتا،ہر ماہ دھاوا بولنے والوں کی وجہ سے ملک کا نقصان ہوتا ہے۔







