ملزم کو زبردستی داخل ہونے کے الزام میں پہلے بھی دو مرتبہ گرفتار کیا جاچکا ہے۔
کوک اسٹوڈیو میں مشہور فارسی گانے ‘من آمدہ ام‘ کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والی پشتو گلوکارہ گُل پنڑا کے گھر میں متعدد بار گھسنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔
ملزم عبداللہ کو گُل پنڑا کے گھر میں تیسری بار داخل ہونے پر گرفتار کیا گیا۔
جس کے بعد پولیس نے گلوکارہ کے بھائی صدام حسین کی شکایت پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
اس سے قبل بھی ملزم عبداللہ کو گلوکارہ کے گھر میں زبردستی داخل ہونے کے الزام میں دو مرتبہ گرفتار کیا گیا تھا تاہم ملزم کے بھائیوں کی ضمانت پر اسے وارننگ کے ساتھ رہا کردیا گیا تھا۔https://www.instagram.com/p/Cy8e8fjNUun/?utm_source=ig_web_copy_link
تاہم مشتبہ شخص نے ایک مرتبہ پھر زبردستی گلوکارہ کے گھر میں زبردستی گھسنے کی کوشش کی جس کے خلاف گل پنڑا کے بھائی نے پیر کو پولیس میں شکایت درج کرائی۔
پولیس نے اس واقعے کی پہلی اطلاعی رپورٹ (ایف آئی آر) درج کرلی ہے جس میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 506 (مجرمانہ دھمکی کی سزا)، 452 ( چوٹ، حملہ یا غلط طریقے سے روک تھام کے لیے تیاری کے بعد گھر میں داخل ہونا) لگائی گئی ہیں۔
گُل پنڑا ایک پاکستانی گلوکارہ ہیں جو بنیادی طور پر پشتو زبان کی موسیقی کی صنعت سے وابستہ ہیں۔
انہوں نے کوک اسٹوڈیو میں عاطف اسلم کے ساتھ ‘من آمدہ ام’ اور علی ظفر کے ساتھ ‘لرشا پکھاور’ جیسے دلکش گانے گائے۔







