رپورٹنگ ٹیم : محمد دائود، شعیب جمیل ، عدنان بشیر ، اسد خان
تصاویر: عامر خان ، احتشام الرحمان
چین کے نئے سال کی مناسبت سے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو نے رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد کیا۔ نگراں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ظفر اللہ خان، نگراں صوبائی وزیر توانائی و منصوبہ بندی ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ، سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فواد اسحاق،اکادمی ادبیات پاکستان کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر نجیبہ عارف، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس محمد علی بابا خیل، سکواش کے سابق عالمی چیمپئن قمر زمان اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

شہید بے نظیر بھٹو وومن یونی ورسٹی کی طالبات نے چینی ثقافت کے حوالے سے پینٹگز بھی بنائیں جس کی نمائش کی گئی۔ مقامی گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور چین کے نئے سال کے موقع پر اپنے چینی بہنوں اور بھائیوں کو مبارکباد دی۔ تقریب سے خطاب میں صوبائی وزراء کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کی دوستی لازوال ہے جو اس امر کا تقاضا کرتی ہے کہ دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے کی خوشی اور غم میں شریک ہوں۔

اہل پاکستان کی جانب سے چین کے نئے سال کے موقع پر تقریبات کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے نعوام اہل چین سے گہرا لگاؤ رکھتے ہیں۔ نگراں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ظفر اللہ خان نے کہا کہ ڈریگن کے نام سے منسوب نیا چینی سال امن اور سلامتی کے سال کے طور پر منایا جاتا ہے اور وہ دعاگو ہیں کہ نیا سال پاکستان اور چین کے درمیان مزید بہتر تعلقات کا سال بھی ثابت ہو۔

نگراں صوبائی وزیر توانائی و منصوبہ بندی ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ نے اہل چین کو نئے سال کی مبارک باد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ چین پاکستان کی معاشی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔سرحد ایوان صنعت و تجارت کے صدر فواد اسحاق نے کہا کہ پاک چین دوستی بلاشبہ لازوال رشتوں پر مبنی ہیجو وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے اور اس کی مثال نئے چینی سال کے موقع پر پاکستان بھر میں تقریبات کا انعقاد ہے تاکہ اہل پاکستان بھی چینی بہنوں اور بھائیوں کی خوشیوں میں شریک ہوں۔

اکادمی ادبیات پاکستان کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر نجیبہ عارف کا کہنا تھا کہ چین نے زندگی کے ہر شعبہ میں پاکستان سے بھرپور تعاون کیا اور خاص طور پر وطن عزیز کی معاشی و اقتصادی ترقی کے لئے سی پیک جیسا بڑا منصوبہ پاکستان کی ترقی اور خوش حالی کا باعث بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ ادب کے میدان میں بھی دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے لئے پر امید ہیں۔ مقررین نے چائنہ ونڈو کی جانب سے نئے چینی سال کے موقع پر تقریبات کے انعقاد کو بھی سراہا اور کہا کہ پشاور میں چینی ثقافتی مرکز کا قیام دونوں ملکوں کے درمیان دوستی کے رشتے مضبوط کرنے میں سنگ میل ثابت ہو گا۔

قبل ازیں سرحد ایوان صنعت و تجارت کے صدر فواد اسحاق نے شہید بے نظیر بھٹو وومن یونی ورسٹی کی طالبات کی بنائی ہوئی پینٹگز کی نمائش کا باضابطہ افتتاح کیا۔

اس موقع پر مقامی گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور شرکاء کی بھرپور داد وصول کی۔








