حکومت کی جانب سے شدید مخالفت کی وجہ سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے چیئرمین سینیٹ کی تاحیات مراعات کا بِل واپس لینے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے متعقلہ سینیٹرز کو بِل واپس لینے کی ہدایات جاری کردیں۔ صادق سنجرانی نجی بل کو فنانس بِل کے ساتھ منظور کروانا چاہتے تھے۔گزشتہ دنوں قومی اسمبلی میں چیئرمین سینیٹ کی مراعات سے متعلق بِل کی حکومتی وزرا نے شدید مخالفت کی تھی۔ حکومتی وزرا کے ردِ عمل کے بعد صادق سنجرانی کی طرف سے بل واپس لینے کا فیصلہ کا گیا۔
خیال رہے کہ چیئرمین سینیٹ کی تاحیات مراعات کے بِل کے مطابق چیئرمین سمیت انکے اہلخانہ کو بھی نجی علاج کی سہولت حاصل ہونی تھی جبکہ چیئرمین سینیٹ کی رہائش گاہ کا کرایہ بڑھا کر ڈھائی لاکھ روپے ماہانہ کیا جانا تھا۔







