امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ مل جل کر رہنے میں رحمت اور الگ الگ ہونے میں مصیبت ہے، اتفاق پیدا کرنا معاشرے، خاندان اور ہر فرد کی ذمہ داری ہے، شیطان انسانوں کے درمیان پھوٹ پیدا کرتا ہے۔
میدانِ عرفات کی مسجد نمرہ سے خطبہ حج دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ نے تفرقہ ڈالنے سے منع کیا ہے، اللہ نے تفرقہ کی باتوں سے دور رہنے کا حکم دیا ہے۔ اللہ ایک ہے، اس کے سوا کوئی معبود نہیں۔ اے مسلمانو اللہ سے ڈرو، اللہ کی اطاعت کرو، ہمیں صرف اللہ کی عبادت کرنی ہے۔
الشیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد بن عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ اللہ کے علاوہ کوئی عباد ت کے لائق نہیں، اللہ کے سواکسی کو معبود نہ کہو۔ اللہ کی حدوو کا خیال رکھو، اے ایمان والو! اللہ ایک ہے اور اس کی عبادت تم پر واجب ہے اور سب تعریفیں اللہ کے لیے ہیں۔







