قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے ہیرو اور فرانسیسی کھلاڑی کیلیان ایمباپے نے پیرس سینٹ جرمن (پی ایس جی) فٹبال کلب کے لیے کھیلتے ہوئے ’نانٹیس‘ کے خلاف 4-2 کی دلچسپ جیت کے دوران کلب کا ریکارڈ 201 واں گول کیا۔انھیں اس ریکارڈ گول کے لیے کھیل کے 92 ویں منٹ تک انتظار کرنا پڑا لیکن جب انھوں نے انتہائی ماہرانہ انداز میں بائیں پاؤں سے شاٹ لگا کر فٹبال کو گول کے اندر ڈال دیا تو وہ پی ایس جی کی جانب سے گول کرنے والوں کی سرفہرست میں یوراگوئے کے سٹرائیکر ایڈنسن کاوانی کو پیچھے چھوڑ گئے۔دسمبر میں 24 سال کے ہونے والے فرانس کے فارورڈ نے خود کو فٹبالنگ سپر سٹار کے طور پر نام کمایا ہے۔انھوں نے دو ورلڈ کپ فائنل کھیلے ہیں۔ سنہ 2018 میں انھوں نے ٹرافی جیتی اور سنہ 2022 میں قطر میں ہونے والے ورلڈ کپ میں ٹاپ سکورر کے طور پر گولڈن بوٹ حاصل کیا۔