ہر سال موسم سرما اپنے ساتھ موسمی بیماریوں کا بھی تحفہ ساتھ لاتا ہے جبکہ اس دوران بارشیں جہاں ٹھنڈ میں مزید اضافہ کرتی ہیں وہیں جلدی بیماریوں، نزلہ، زکام، کھانسی اور بخار بھی بڑھ جاتا ہے۔ماہرین کی جانب سے سرد موسم کے دوران زیادہ سے زیادہ گرم تاثیر والی غذائیں اور نیوٹرا سیوٹیکل یعنی کے اینٹی سیپٹک گرم مسالوں کے استعمال کو بھی بڑھا دینے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ماہرین کی جانب سے ادرک اور ہلدی کو کافی اہمیت دی جاتی ہے، سردیوں میں اِن دونوں کا علیحدہ، ملا کر یا شہد کے ساتھ مکس کر کے استعمال کرنے کے متعدد فوائد بتائے جاتے ہیں۔ماہرین کے مطابق سردیوں کے موسم میں ہلدی اور ادرک جیسی جڑی بوٹیوں کا استعمال قوت مدافعت کو مضبوط بنا کر نا صرف بیرونی بلکہ متعدد اندرونی بیماریوں سے بھی بچاتا ہے، کیوں کہ سائنسی دنیا میں نزلہ زکام اور موسمی الرجیوں کی تا حال کوئی مستند دوا وجود میں نہیں آ سکی ہے اسی لیے دوا کے طور پر صدیوں سے استعمال کی جانے والی قدرتی غذائیں ہلدی اور ادرک کے استعمال سے انسان الرجی پیدا کرنے والے جراثیموں کے حملے سے محفوظ رہتا ہے۔
ماہرین کی جانب سے ان دونوں کا قہوہ بنا کر دن میں دو سے تین کپ استعمال تجویز کیا جاتا ہے۔
خالص ہلدی کو سکھا کر یا کچی کو ہی پانی میں پکا کر پیا جا سکتا ہے۔ان دونوں اجزا کو ملا کر اس میں شہد شامل کر کے استعمال کے نتیجے میں نا صرف انسان سردیوں کے دوران متحرک، سردی کی شدت سے محفوظ، جِلدی بیماریوں اور موٹاپے سے محفوظ رہتا ہے۔