منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت منسوخ ہونے کے بعد خود ساختہ ناقد کمال راشد خان بھی اب آریان خان کے حق میں بول پڑے۔ مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کمال آر خان کا کہنا تھا کہ آریان خان کی درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد یہ واضح ہے کہ انہیں ہراساں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایک شخص کو کس طرح 20 دن سے زیادہ جیل میں رکھا جاسکتا ہے جبکہ نہ وہ منشیات کو رکھنے میں ملوث ہیں اور نہ ہی اسے استعمال کرنے میں ملوث ہیں۔کمال آر خان نے آریان خان کے کیس کا موازنہ بھارتی سنگھ کے کیس سے کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی سنگھ کو اسی دن ضمانت مل گئی تھی جبکہ ان کے پاس 86 گرام منشیات برآمد ہوئی تھی، اس کا مطلب یہ ہوا کہ دو علیحدہ لوگوں کے لیے دو علیحدہ قوانین ہیں۔ واضح رہے کہ آریان خان کو 3 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل کے قریب کروز شپ میں ایک پارٹی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا جبکہ ان پر منشیات رکھنے اور اس کے استعمال کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان اس وقت جیل میں ہیں جبکہ کئی مرتبہ ان کی درخواست ضمانت بھی مسترد ہوچکی ہے۔