بلوچستان میں 72 گھنٹوں کے دوران48 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی دہشتگردوں کیخلاف بھر پور کارروائیوں کے نتیجے میں 72گھنٹوں میں 48دہشتگرد مارے گئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق بلوچستان میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کیخلاف 24 گھنٹوں کے دوران ضلع مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر متعدد کارروائیاں کی گئیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 36 دہشتگر دوں کو جہنم واصل کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ کے علاقہ شعبان میں فتنہ الخوارج کے 4 ٹھکانوں کو نشانا بنایا گیا جہاں 26 خوارجیوں کو ہلاک کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق مستونگ میں آپریشن کے دوران بھارتی اسپانسرڈ 6 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا ، دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد گولہ بارود اور دیسی ساختہ بم موقع پر ہی تباہ کردیے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق قلات میں دہشتگردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا گیا جہاں بھارتی اسپانسرڈ 2 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، سبی کے علاقے بھاگ میں بھی بھارتی اسپانسرڈ 2 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق 72 گھنٹوں میں بلوچستان میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے 48 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔دریں اثناء صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہبازشریف نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کا پختہ عزم ہیایوانِ صدر کے پریس وِنگ کے مطابق صدر مملکت نے مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے وابستہ دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائیوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ صرف اس سال بلوچستان میں 1188 سے زائد دہشت گردوں کی ہلاکت پاکستان کو درپیش خطرات اور سکیورٹی فورسز کی استعداد کی دلیل ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کا پختہ عزم ہے۔اپنے بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور بہادری کی تعریف کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے،سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکار وطن عزیز کے امن کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائیاں کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وطن عزیز کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں مجھ سمیت پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوںنے کہاکہ دہشت گردوں کے بلوچستان کے امن کو تباہ کرنے کے مذموم عزائم میں انہیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف سکیورٹی فورسز کی پے در پے کامیاب کارروائیوں کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے فورسز کے بہادر سپوتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔وزیر داخلہ نے مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں موثر آپریشنز کے دوران درجنوں دہشت گردوں کی ہلاکت کو سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے خصوصا قلات میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو جہنم رسید کرنے پر فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی ستائش کی اور کہا کہ جری جوانوں نے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے ہیں۔محسن نقوی نے دہشت گردوں کے خلاف مسلسل اور مثر کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کو سلام پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں امن دشمنوں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed