خیبر پختونخوا حکومت نے کم کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مزید 32 سرکاری ہسپتالوں کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہسپتالوں کی آئوٹ سورسنگ کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔حکام کے مطابق صوبے کے مزید 32 سرکاری ہسپتالوں کا انتظام نجی شعبے کو دیا جائے گا، جن میں 21 کیٹگری ڈی، 5 رورل ہیلتھ سینٹرز (آر ایچ سی) اور 6 کیٹگری بی ہسپتال شامل ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ آئوٹ سورس کیے جانے والے ہسپتالوں میں ماہر ڈاکٹرز کی دستیابی اور ایمرجنسی سہولیات کی فراہمی لازمی ہوگی۔ ہسپتالوں کا انتظام سنبھالنے سے قبل نجی اداروں کی مالی حیثیت اور استعداد کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔حکام کے مطابق 32 سرکاری ہسپتالوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی جاری ہے، جس کے ذریعے ہسپتالوں کی موجودہ کارکردگی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔نجی شراکت داروں کو آئوٹ سورس کیے گئے ہسپتالوں کے لیے سرکاری بجٹ سہ ماہی بنیادوں پر فراہم کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانا اور شہریوں کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔آئوٹ سورسنگ کے بعد خیبر پختونخوا میں نجی انتظام کے تحت چلنے والے سرکاری ہسپتالوں کی تعداد 50 ہوجائے گی۔







