الیکشن کمیشن نے صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد علی کیخلاف نااہلی درخواست خارج کردی، درخواست گزار عزیز اللہ گران ڈاکٹر امجد علی پر اثاثہ جات کے گوشواروں میں مبینہ غلط بیانی اور اثاثے چھپانے کے الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہے۔الیکشن کمیشن نے ہائیکورٹ کے حکم پر تشکیل دیے گئے لارجر بینچ میں معاملے کی سماعت کی۔ لارجر بینچ نے متعلقہ ریکارڈ، رپورٹس اور فریقین کے مقف کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ سنایا۔الیکشن کمیشن کے مطابق عزیز اللہ گران کی جانب سے ڈاکٹر امجد علی کے خلاف دائر نااہلی کی درخواست میں عائد الزامات ثابت نہیں ہوسکے، جس کے بعد درخواست خارج کردی گئی۔درخواست میں اثاثہ جات کے گوشواروں میں مبینہ غلط بیانی اور اثاثے چھپانے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ذرائع کے مطابق اسی نوعیت کی ایک درخواست سیشن جج کی عدالت سے بھی خارج ہوچکی ہے، یوں ڈاکٹر امجد علی کے خلاف قانونی فورمز پر دائر دونوں درخواستیں خارج ہوگئی ہیں۔الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد صوبائی وزیر نے سوات سمیت تمام پی ٹی آئی کارکنوں کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی، اور اپنے پیغام میں کہا کہ یہ حق اور سچ کی جیت ہے اور انہوں نے ہمیشہ حق و سچ کیلئے آواز بلند کی ہے۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے 26 نومبر کے روز پارٹی کارکنان پر کیے گئے مبینہ ظلم کے خلاف بھی آواز بلند کی تھی اور وہ حق و سچ کے ساتھ کھڑے ہیں، اور آئندہ بھی اپنے مقف پر قائم رہیں گے۔







