خیبرپختونخوا اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کے رویے کے خلاف اپوزیشن خواتین اراکین نے پیر کے روز احتجاجا اسمبلی کارروائی سے علامتی بائیکاٹ کیا۔ اپوزیشن خواتین اراکین نے مسلم لیگ(ن)کی رکن ثوبیہ شاہد سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر کے رویے پر احتجاج کیا۔واضح رہے کہ گزشتہ جمعہ کو اسمبلی اجلاس کے دوران ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی نے اسمبلی کارروائی میں خلل ڈالنے پر ثوبیہ شاہد کی رکنیت رول 227 کے تحت دو ہفتوں کے لیے معطل کردی تھی۔احتجاجا اپوزیشن خواتین اراکین ایوان کی کارروائی سے الگ ہوگئیں۔ بعد ازاں اسپیکر بابر سلیم سواتی کی ہدایت پر چیف وہپ اکبر ایوب نے اپوزیشن خواتین اراکین سے مذاکرات کیے اور انہیں منا کر دوبارہ ایوان میں لے آئے۔اس موقع پر اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے باہمی تعاون سے صوبائی اسمبلی نے نہ صرف پاکستان بلکہ جنوبی ایشیا کی پارلیمانی تاریخ میں بھی اپنا مقام بنایا ہے۔ چھوٹی موٹی باتیں بعض اوقات غلط فہمیوں کی بنیاد پر پیدا ہوجاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جمعہ کے اجلاس کے دوران ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی نے رکن اسمبلی ثوبیہ شاہد کے خلاف کارروائی کی تھی، تاہم باہمی مشاورت کے بعد ڈپٹی اسپیکر نے اپنا حکم واپس لے لیا ہے۔اسپیکر نے کہا کہ ایوان کا تقدس اور ڈیکورم برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اسمبلی کا وقار اور پارلیمانی روایات ہر صورت برقرار رکھی جائیں گی۔بابر سلیم سواتی نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کی کارکردگی کی مثال ملنا مشکل ہے، جہاں اپوزیشن نے بھی صوبے کے مفاد میں کئی مواقع پر اپنے پارٹی منشور سے ہٹ کر حکومت کی حمایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اسمبلی تمام اراکین کی ہے اور تمام خواتین اراکین کو ایوان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔خیبرپختونخوا اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی نے مسلم لیگ (ن) کی خاتون رکن اسمبلی ثوبیہ شاہد کی دو ہفتوں کے لیے معطلی کے احکامات واپس لے لیے۔واضح رہے کہ گزشتہ جمعہ کو اسمبلی اجلاس کے دوران ڈپٹی اسپیکر نے ثوبیہ شاہد کو دو ہفتوں کے لیے معطل کردیا تھا۔ ثوبیہ شاہد کی جانب سے کورم کی نشاندہی کے بعد ایوان میں مسلسل شور شرابہ کرنے پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی تھی۔گزشتہ روز اسمبلی اجلاس میں اسپیکر بابر سلیم سواتی نے ایوان کو آگاہ کیا کہ جس روز ڈپٹی اسپیکر نے ثوبیہ شاہد کی معطلی کے احکامات جاری کیے تھے، اسی روز ان کی ڈپٹی اسپیکر سے اس معاملے پر بات چیت ہوئی تھی۔اسپیکر نے بتایا کہ باہمی مشاورت کے بعد ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی نے ثوبیہ شاہد کی معطلی کا حکم واپس لے لیا ہے







