منڈان گیٹ میں تباہی پھیلانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے موٹرسائیکل سے 5 کلو بارودی مواد برآمد کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق بنوں کے گنجان آباد علاقے منڈان گیٹ میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تباہی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔دہشت گردوں کی جانب سے بارودی مواد سے لیس موٹر سائیکل کے ذریعے کارروائی کی کوشش کی گئی تھی، جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے بارودی مواد سے بھری موٹر سائیکل منڈان گیٹ چوک میں پارک کر رکھی تھی، جہاں قریب ہی پولیس کی موبائل گاڑی اور ٹریفک اہلکار موجود تھے۔اس اثنا میں موٹر سائیکل میں نصب دھماکہ خیز مواد سے ایک چھوٹا دھماکہ ہوا، جس کے فورا بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا۔بی ڈی ایس کے مطابق موٹر سائیکل میں تقریبا 3 سے 5 کلوگرام بارودی مواد نصب کیا گیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ متعلقہ چوک انتہائی گنجان آباد ہے اور اگر تمام بارودی مواد مکمل طور پر پھٹ جاتا تو شدید جانی و مالی نقصان ہو سکتا تھا۔تاہم واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔







