ضلع ہری پور میں تیرہ روز قبل پٹھان کالونی سے لاپتہ ہونے والی 5 سالہ آیت نور کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور کے مطابق پولیس نے کیس کے تین مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ڈی پی او کے مطابق گرفتار ملزمان میں قاسم، عثمان اور طلحہ شامل ہیں، جبکہ عدالت میں دیے گئے بیان میں ملزمان کی جانب سے بچی کو مبینہ طور پر اغوا کرنے اور زیادتی کا اعتراف کیے جانے کا دعوی کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے باوجود 5 سالہ آیت نور تاحال برآمد نہیں ہوسکی، بچی کی تلاش کے لیے پولیس کی مختلف ٹیمیں سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔پولیس کے مطابق ملزمان کی نشاندہی پر کھاد فیکٹری گرانڈ میں بھی گزشتہ کئی روز سے تلاشی اور کھدائی کا عمل جاری ہے، تاہم تاحال بچی کے بارے میں کوئی سراغ نہیں مل سکا۔پولیس کے مطابق کیس میں عدالت کے سامنے ریکارڈ کیے گئے دفعہ 164 کے بیانات میں مجموعی طور پر پانچ ملزمان کے نام سامنے آئے ہیں، جن میں قاسم، عثمان، طلحہ اور دو نامعلوم افراد شامل ہیں۔ڈی پی او ہری پور کا کہنا ہے کہ 5 سالہ آیت نور کیس میںبچی کی بازیابی ان کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے مختلف ٹیمیں مسلسل سرچ آپریشن کر رہی ہیں۔







