پاکستان کے 79 ویں جشنِ آزادی کے پرمسرت موقع پر کراچی میں بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس اور پاک بحریہ کے سیلرز پر مشتمل دستوں نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی، کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمد عمیر نے مزارِ قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس سے قبل دن کا آغاز توپوں کی سلامی اور نمازِ فجر میں ملک و قوم کی سلامتی، امن اور خوشحالی کے لیے کی جانے والی خصوصی دعاؤں سے ہوا، جبکہ ملک بھر میں یومِ آزادی کا جشن بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔







