پشاور کے سرکاری اسکول میں رزلٹ کارڈ ڈی ایم سی کے حصول کے لئے طالب علم سے فیس وصول کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے پر محکمہ تعلیم نے نوٹس لے لیا۔وائرل ہونے والی یہ ویڈیو شہید اسامہ ظفر ہائر سیکنڈری اسکول نمبر 2 پشاور کی ہے جس میں ڈی ایم سی دینے کے عوض طالب علم سے 200 روپے وصول کیے جا رہے تھے۔ واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ای او پشاور عرفان علی نے واضح کیا کہ سرکاری اسکولوں میں اس قسم کی کوئی فیس یا رقم وصول نہیں کی جاتی۔ معاملے کی شفاف تحقیقات کے لیے دو رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو سات روز کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ ڈی ای او پشاور کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں ملوث پائے جانے والے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔







