باچا خان یونیورسٹی چارسدہ کے سینڈیکیٹ کا 40واں اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خان عالم کی زیر صدارت منعقد ہوا، 39 ویں اجلاس کی منٹس کی منظوری اور گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لینے سمیت میں یونیورسٹی کے انتظامی، مالی، تعلیمی اور ترقیاتی امور سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی بزنس انکیوبیشن سینٹر (BIC) پالیسی اپنانے اور یونیورسٹی میں بزنس انکیوبیشن سینٹر کے قیام کی منظوری دی گئی، جس سے طلبہ میں کاروباری صلاحیتوں اور روزگار کے نئے مواقع کو فروغ ملے گا۔اس موقع پر یونیورسٹی کے اسٹریٹجک پلان 2026-2035 کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اسے مزید کارروائی کے لیے یونیورسٹی سینیٹ کو بھجوانے کی سفارش کی گئی۔اس کے علاوہ سالانہ رپورٹ، پلاننگ اینڈ فنانس کمیٹی کی سفارشات، مختلف انتظامی و مالی امور، فارمیسی اور سوشیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین کی تقرری سے متعلق معاملات بھی زیر غور آئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خان عالم نے کہا کہ یونیورسٹی میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے، تحقیق کے فروغ، جدید سہولیات کی فراہمی اور شفاف انتظامی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینڈیکیٹ کے فیصلوں سے ادارے کی ترقی کی رفتار مزید تیز ہوگی اور طلبہ و اساتذہ کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آئے گا۔ وائس چانسلر نے اجلاس میں شریک تمام اراکین کی تجاویز کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون سے باچا خان یونیورسٹی چارسدہ مزید ترقی کی منازل طے کرے گی۔







